بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آج پیر 23 نومبر کو تہران کے تہران کے میلاد ٹاور کے مقام پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
• بسیج کو صرف کسی ایک ادارے یا گروہ تک محدود نہیں سمجھنا چاہئے، اور میری نظر میں بسیجی وہ ہے جس کا دل ایران کے لیے دھڑکتا ہے اور جو ہر میدان میں ملک کی تعمیر اور ترقی کے لئے کوشاں ہے؛ اس تعریف کے مطابق، تمام ایرانی بسیجی ہیں۔
• ہمارے سامنے 40 روزہ جنگ کا تجربہ ہے؛ ملک کو جارحیت کے پہلے ہی گھنٹوں میں بے مثال حالات کا سامنا کرنا پڑا، اور انقلاب کے رہبرِ شہید کے گھر پر حملہ ہؤا اور کئی کمانڈر اور سرکاری عہدیدار شہید ہوئے، لیکن اس کے باوجود، ایران نے ایک دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں پوری طاقت سے اپنا دفاع کیا۔
• دشمن کا مقصد معاشرے میں صدمہ اور خوف پیدا کرنا تھا تاکہ عوام اور حکمرانی کے ڈھانچے کو الجھن میں ڈال سکے، لیکن عوام کے ردِعمل نے اس حقیقت کو ثابت کر دکھایا کہ ایران کی ثقافتی اور تہذیبی جڑیں کتنی گہری ہیں۔
• معاشرے بحران کے دوران اپنی مضبوطی اور حقیقی شناخت کا مظاہرہ کرتے ہیں، اور ایران نے بھی تاریخ میں کئی جنگیں دیکھی ہیں، لیکن اس بار ہمارا سامنا ایسے دشمن سے تھا جو ٹیکنالوجی اور فوجی سازوسامان کے لحاظ سے نمایاں برتری رکھتا تھا۔
• کچھ یورپی ممالک اور نیٹو نے جارح فریق کی حمایت کی، اور خطے کے عرب ممالک نے حملے کرنے کے لیے اپنے فوجی اڈے جارحین کے اختیار میں دے دیئے، اور اس عدم توازن کے باوجود ایران اپنی قومی صلاحیتوں سے ملک کے دفاع میں کامیاب رہا۔
• اس صلاحیت کی جڑ ایرانیوں کی تہذیبی، ثقافتی اور دینی اثاثوں کے امتزاج میں پیوست تھی؛ وہی پس منظر ـ جس پر ہم برسوں فخر کرتے رہے ہیں، ـ مکتب اور دینی عقائد کے ساتھ مل کر سرزمین کے دفاع کا سہارا بن گیا۔
• ایران کی ثقافت اور تہذیب نے ان فیصلہ کن دنوں میں دنیا پر واضح کیا کہ یہ تہذیب صرف تاریخی افتخارات کا مجموعہ نہیں، بلکہ عمل کے میدان میں ملک کی طاقت کا سہارا بھی بن سکتی ہے۔
• جنگ کے دوران تاریخی اور دینی نمونوں کو دوبارہ پڑھا گیا، اور ان دو روحانی و تاریخی اثاثوں کے امتزاج نے عوام کو دباؤ کے سامنے ثابت قدم رہنے میں مدد دی اور دشمن اپنے اہداف حاصل نہ کر سکا۔
• بسیج کا مفہوم ملک کی ترقی کے لیے تیاری اور کوشش ہے، اور تمام ایرانیوں کو چاہئے کہ وہ اپنے ملک کی تعمیر کے لئے پوری طاقت اور عزم و ارادے کے ساتھ تیار رہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ